ایف بی آئی کی تازہ دستاویزات میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک شخص اپنی بیٹی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ملکہ کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا۔
ایف بی آئی کی جاری کردہ نئی دستاویزات کے مطابق سنہ 1983 میں امریکہ کے دورے کے دوران ملکہ الزبتھ دوم کو ممکنہ طور پر قتل کیے جانے کا خطرہ تھا۔
ملکہ کو جان سے مارنے کی دھمکی سان فرانسسکو میں ایک پولیس افسر کو دی گئی تھی۔ فائل کے مطابق سان فرانسسکو میں ایک آئرش پب میں اکثر آنے والے ایک افسر نے وفاقی ایجنٹوں کو ایک ایسے شخص کی کال کے بارے میں خبردار کیا جس سے وہ وہاں میں ملے تھے۔ اس دھمکی کے بعد سیکرٹ سروس نے اس وقت گولڈن گیٹ برج پرپیدل چلنے والوں کا راستہ بند کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
ملکہ برطانیہ کے بہت سے سرکاری دورے، جن میں 1983 کا مغربی ساحل کا دورہ بھی شامل ہے، شمالی آئرلینڈ میں مشکلات کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ہوئے۔ سنہ 1976 میں ملکہ برطانیہ امریکہ کی دو سو سالہ تقریبات میں شرکت کے لیے نیویارک شہر میں تھیں۔ سنہ 1989 میں ملکہ برطانیہ کے کینٹکی کے ذاتی دورے سے قبل ایف بی آئی کے ایک اندرونی میمو میں کہا گیا تھا کہ ’آئرش ریپبلکن آرمی کی جانب سے برطانوی بادشاہت کے خلاف خطرات کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔‘